پارٹی کے سینئر لیڈر پردیپ سنگھ واگھیلا مستعفی‘ پارٹی حلقوں میں ہلچل
احمدآباد: گجرات بی جے پی کے سب سے بااثر لیڈراور پارٹی کے جنرل سکریٹری پردیپ سنگھ واگھیلا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین نے اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تاہم پارٹی کے معتبر ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جلد ہی اس مسئلہ پر اپنا موقف پیش کرے گی۔واگھیلا پارٹی کے سینئر لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ گاندھی نگر، سری کملم میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے انچارج بھی ہیں۔ ان کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب جنوبی گجرات میں گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل کے خلاف مبینہ بغاوت جاری ہے۔ان کے اس فیصلہ کے بعد پارٹی حلقوں میں زبردست ہلچل دیکھی جارہی ہے ۔حال ہی میں پارٹی کے تین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس ہفتے کے شروع میں جنوبی گجرات سے پارٹی کے تین کارکنوں کو سورت کرائم برانچ نے پارٹی کے مختلف قائدین کو محکموں کی تقسیم میں بدعنوانی کا الزام لگا کر پاٹل کو بدنام کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بی جے پی ایم ایل اے سندیپ دیسائی کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں آئیں تھیں۔