احمد آباد: گجرات کے کئی علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹے میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شدید بارش کے باعث شہروں اور دیہات کے نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں کچھ، جام نگر، جوناگڑھ اور نوساری میں تعینات کی گئی ہیں۔ گذشتہ دو دنوں میں بارش سے متعلقہ واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست کے 37 تعلقہ جات میں جمعہ کی دوپہر تک 30 گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔ حکام کے مطابق، سوراشٹر، کچ اور جنوبی گجرات کے علاقوں کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی۔ احمد آباد شہر کے کئی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے، جس کی وجہ سے بھاری ٹریفک جام ہوگیا اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے عہدیداروں کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کی اور انہیں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نکالنے سمیت بچاؤ اور راحتی کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چہارشنبہ کی صبح تک ریاست کے کئی حصوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہوگی۔