احمد آباد: گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں غیر موسمی بارش کے دوران بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک اور 23 دیگر زخمی ہو گئے۔ ریاستی ڈیزاسٹر کنٹرول کے ڈائریکٹر سی سی پٹیل نے کہا کہ ریاست میں غیر موسمی موسلادھار بارش کے دوران بجلی گرنے سے 23 افراد کی موت ہو گئی ہے اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس دوران ریاست میں 71 جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ گجرات کے امریلی، سریندر نگر، مہسانہ، بوٹاڈ، پنچ محل، کھیڑا، سبر کانٹھا، سورت اور احمد آباد اضلاع شدید بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ریاست کے وزیر اعلی بھوپیش پٹیل نے گجرات میں غیر موسمی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ امیت شاہ نے اتوار کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم‘ایکس’پر لکھا،گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے بہت دکھی ہوں۔ انہوں نے اس سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ امیت شاہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی