گجرات میں بھروچ کے پٹیل ہاسپٹل میں آتشزدگی، 18 کوویڈ مریض فوت

,

   

احمد آباد :۔ گجرات کے بھروچ میں جمعہ کی نصف شب کوویڈ ہاسپٹل میں آگ لگنے سے 18 مریض فوت ہوگئے ۔ اس حادثے کے بعد ہاسپٹل میں افراتفری پھیل گئی جہاں کچھ مریضوں کی باقیات بستروں اور اسٹریچروں پر دیکھے گئے ۔ رات کے تقریباً ایک بجے بھروچ پٹیل ویلفیئر کوویڈ وارڈ میں آگ لگ گئی۔چار منزلہ ہاسپٹل میں تقریبا 50 مریض زیر علاج تھے۔ کچھ لوگوں کو مقامی افراد اور فائر فائٹرز کی مدد سے بچالیا گیا ہے، ایک پولیس آفیسر نے بتایا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد 12 مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔بھروچ کے سینئر پولیس آفیسر راجندر سنگھ کے مطابق 12 مریض جلنے اور دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ باقی 6 مریضوں کی موت دیگردواخانوں کو منتقل کرنے کے دوران ہوئی یا آتشزدگی کی وجہ سے ہوئی۔ بھروچ کا یہ دواخانہ بھروچ جمشید پور شاہراہ پر دارالحکومت احمد آباد سے تقریبا 190 کلومیٹر دور ہے۔ گجرات میں بھروچ سے پہلے متعدد ریاستوں میں آگ لگنے سے کووڈ مریض دم توڑ چکے ہیں۔ 26 اپریل کو گجرات کے شہر سورت کے ایک ہاسپٹل میں آگ لگنے سے 4 مریض ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سے قبل چہارشنبہ کے روز مہاراشٹرا کے تھانے میں واقع ایک ہاسپٹل میں آتشزدگی کے باعث 4 کوویڈ مریض دم توڑ گئے تھے، جب کہ 17 اپریل کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور کے نجی ہاسپٹل میں آگ لگنے سے کورونا وائرس سے متاثر پانچ مریضوں کی موت ہوئی تھی۔