گجرات میں بی جے پی کے دو امیدوار الیکشن لڑنا نہیں چاہتے

   

گاندھی نگر : وڈودرا لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار رنجن بھٹ اور سابرکانٹھا لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار بھیکاجی ٹھاکور نے انتخاب لڑنے سے منع کر دیا ہے، دونوں نے اس کے لیے ذاتی اسباب کو بنیاد بنایا ہے۔ لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان بی جے پی کے لیے گجرات سے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ وڈودرا اور سابرکانٹھا لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی نے جن امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے، انھوں نے الیکشن لڑنے سے منع کر دیا ہے۔ وڈودرا سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رنجن بین دھننجے اور سابرکانٹھا سے بی جے پی امیدوار بھیکاجی راٹھور نے ذاتی اسباب کو بنیاد بنا کر انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گجرات میں وڈودرا لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کی موجودہ رکن پارلیمنٹ رنجن بھٹ کو پارٹی نے تیسری بار انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انھوں نے اپنی امیدواری واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ رنجن بین دھننجے بھٹ نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ میں اپنے ذاتی اسباب کی وجہ سے لوک سبھا انتخاب 2024 نہیں لڑنا چاہتی ہوں۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے ان کے ذریعہ امیدواری واپس لینے کے فیصلہ کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ دوسری طرف بھیکاجی ٹھاکور نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ ڈال کر انتخاب نہ لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں بھیکاجی ٹھاکور اپنے ذاتی اسباب کی وجہ سے لوک سبھا انتخاب 2024 نہیں لڑنا چاہتا ہوں۔