زرعی قوانین سے ناراضگی، کسانوں کے ملک گیر احتجاج کی حمایت
بہروچ : گجرات کے علاقہ بہروچ کانگریس کمیٹی کے صدر ارون سنہا رانا نے کہا کہ مرکز کے تین زرعی قوانین سے ناراض بی جے پی کے 100 ورکرس نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ ضلع بہروچ کے 9 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ان 100 ورکرس نے کسانوں کے ملک گیر احتجاج کی بھی حمایت کی ہے۔ بی جے پی کے یہ تمام ورکرس کسان ہیں۔ ان کسانوں نے باقاعدہ طور پر بہروچ ڈسٹرکٹ پنچایت نابی پور حلقہ کے رکن شکیل اکوجی کی قیادت میں بہروچ پارٹی ہیڈکوارٹرس پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بہروچ ڈسٹرکٹ کانگریس صدر پرمل سنہا رانا بھی موجود تھے۔ کانگریس میں شامل ہونے والے تقریباً 70 فیصد بی جے پی ورکرس مقامی عوام ہیں جو خود بھی کسان ہیں۔ ماباقی قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ کانگریس میں شامل ہونے والے بی جے پی ورکرس نے کہا کہ وہ بی جے پی کو اہمیت نہیں دیتے، کیونکہ بی جے پی نے ان کے علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے ہیں۔ آنے والے بلدی انتخابات میں بھی کانگریس میں شامل ہونے والے یہ نئے ورکرس کانگریس کو مضبوط بنائیں گے۔ موضع اپرلی کے سرپنچ 54 سالہ مہیش پاٹل نے جو گزشتہ 35 سال سے بی جے پی سے وابستہ تھے، کہا کہ ہم بی جے پی کی طرف سے روبہ عمل لائے جانے والے ان تین نئے زرعی قوانین کے خلاف ہیں۔ بی جے پی کے بہروچ ضلع یونٹ کے صدر ماروتی سنہا اتودریا نے کہا کہ میں کانگریس میں شامل ہونے والے بی جے پی ورکرس کے بارے میں نہیں جانتا۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ بی جے پی کا کوئی بھی سرگرم ورکر، کانگریس میں شامل نہیں ہوا ہے۔