گاندھی نگر: گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے نامزدگی داخل کرنے کے ساتویں دن بدھ تک کئی بڑے ناموں سمیت 719 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔جمعرات کو انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے ۔چیف الیکٹورل آفیسر پی بھارتی نے آج یہاں بتایا کہ 10 نومبر کو دوسرے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا تھا۔ دوسرے مرحلے کے لیے ساتویں دن 16 نومبر تک کئی بڑے ناموں سمیت 719 امیدوارنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ، کاغذات نامزدگی 17 نومبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ 18 نومبر کو ان کا معائنہ کیا جائے گا۔ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 21 نومبر ہے ۔ وسطی گجرات اور شمالی گجرات کی کل 93 سیٹوں کے لیے 5 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔