احمد آباد، 27 اکتوبر (آئی اے این ایس) گجرات کے سوراشٹرا اور جنوبی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غیر موسم شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ بھاونگر ضلع کے مہوامیں سب سے زیادہ 195 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) کے مطابق بھاونگر کے شیہور میں 128 ملی میٹر،تاپی کے سونگڑھ میں 100 ملی میٹر، جبکہ امریلی کے جعفرآباد، گیر سومناتھ کے اْنا اور سورت کے عمرپاڑا میں 90 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر نمایاں مقامات میں ستراپاڑا (79 ملی میٹر)، راجولا (77 ملی میٹر)، پالیتانہ (76 ملی میٹر)، دیدیاپاڑا (74 ملی میٹر)، بھاونگر شہر (72 ملی میٹر) اور جیسر (67 ملی میٹر) شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست کے 152 تعلقوں میں بارش کی اطلاع ملی، جن میں سے 43 علاقوں میں ایک انچ سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔ شمالی اور وسطی گجرات کے کچھ حصوں، جیسے مہسانہ، پاٹن، سبَرکنٹھا اوراراوالی میں ہلکی بارش ہوئی۔یہ بارش اگرچہ گرمی سے وقتی راحت ہے، لیکن کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونیاور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔