بھارتیہ ٹرائبل پارٹی سے اتحاد ، کانگریس کے سابق ایم ایل اے صابر کابلی والا مجلس کے ریاستی صدر
گاندھی نگر : کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے گجرات میں اپنے قدم رکھ دیئے ہیں ۔ یہاں کے مقامی بلدی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقامی بھارتیہ ٹرائبل پارٹی سے اتحاد کرلیا ہے ۔ صدر مجلس اسد الدین اویسی نے گجرات میں اپنی پارٹی کی ریاستی یونٹ کا قیام عمل میں لایا اورکانگریس کے سابق رکن اسمبلی جمال پور صابر کابلی والا کو گجرات مجلس اتحاد المسلمین کا صدر مقرر کیا ہے ۔ گجرات میں مقامی بلدی انتخابات کا آئندہ ماہ انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ اسد الدین اویسی نے حال ہی میں اپنی پارٹی کے قائدین کو گجرات کا علاقہ بھروج روانہ کیا تھا تاکہ بھارتیہ ٹرائبل پارٹی کے رکن اسمبلی چھوٹو واسو سے ملاقات کرسکے ۔ مجلس کے قائدین نے احمدآباد پہنچ کر صابر کابلی والا سے ملاقات کی ۔قبل ازیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے گجرات کے آنے والے میونسپل کارپوریشنس اور میونسپلٹیز ، تعلقہ کے علاوہ ضلع پنچایت کے انتخابات میں بھی حصہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔بھارتیہ ٹرائبل پارٹی لیڈر واسو کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے مجلس نے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے ساتھ ساتھ بھروج میونسپلٹی انتخابات میں بھی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کئی برسوں سے گجرات میں کانگریس کو یہ اقتدار حاصل نہیں ہوا ہے اور نہ ہی وہ بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط اپوزیشن بن سکی ہے ۔ مجلس قائدین نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف ہم نے اپنی طاقت کو مضبوط کرتے ہوئے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گجرات میں اب بی جے پی کے خلاف ہم ہی بہترین متبادل ہوں گے ۔ زعفرانی پارٹی کے ساتھ ہماری لڑائی راست ایک رخی ہوگی۔