گجرات میں چھ کمپنیوں کی اشیاء کی خریدی پر روک

   

ڈیلرس اور ڈسٹری بیوٹرس کا فیصلہ ، تجارتی نقصان سے بچنے اقدام
حیدرآباد۔11نومبر(سیاست نیوز) گجرات میں ڈیلرس اور ڈسٹربیوٹرس نے 6 کمپنیوں کی اشیاء کی خریدی روک دی ہے جن میں گودریج‘ ماریکو‘ ڈابر‘امامی اور بریٹانیا شامل ہیں۔گجرات کے 7000سے زائد ڈیلرس اور ڈسٹربیوٹرس نے ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کی جانے والی اشیاء کی خریدی کو روک دیا ہے کیونکہ ان کا کہناہے کہ یہ کمپنیاں راست ہائیپر مارکٹ اور سوپر مارکٹس کے علاوہ دیگر سرکردہ ادارو ں کو اپنی اشیاء فروخت کررہی ہیں اور ان تجارتی ادارو ںکی جانب سے بھاری ڈسکاؤنٹ فراہم کرتے ہوئے گاہکوں کو راغب کیا جارہاہے ۔گجرات میں مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے تیار کئے جانے والے 21 اشیاء کی خریدی کا مکمل بائیکاٹ کیا جارہا ہے کیونکہ ہائپر مارکٹس اور سوپر مارکٹس کی جانب سے ان پراڈکٹس پر بھاری ڈسکاؤنٹ فراہم کرتے ہوئے انہیںراست فروخت کی جا رہی ہیں اور ان اشیاء پر سوپر مارکٹس گاہکوں کو ڈسٹربیوٹرس اور ڈیلرس کا بھی ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جانے لگا ہے جس کے سبب ڈیلرس کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ 20 یوم سے ان ڈیلرس کی جانب سے 6کمپنیوں کی 21اشیاء کی خریدی کو روک دیا ہے لیکن مذکورہ کمپنیو ںکی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے جو کہ ڈیلرس کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ہول سیل اور ریٹیل کے درمیان موجودہ تجارتی اداروں سے کمپنیوں کی راست فروخت کا نظام عوام کیلئے فائدہ بخش ہے لیکن بڑے پیمانے پر ہائیپر مارکٹس اور سوپر مارکٹس کا فروغ ملک کے چھوٹے تجارتی اداروں کیلئے نقصاندہ ثابت ہوتا ہے اور بے روزگاری کے فروغ کا سبب بنتا ہے ۔ہول سیل ڈیلرس اور ڈسٹربیوٹرس کا کہناہے کہ تجارتی نقصانات سے بچنے کے لئے وہ ایسا کررہے ہیں۔