گجرات میں کانگریس کو مضبوط کرنے راہول کا 18 ستمبر کو دورہ

,

   

بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے ضروری اقدامات پر ریاستی قیادت کیساتھ منصوبہ بندی

نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی گجرات میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کیلئے اپنے کارکنوں اور لیڈروں کو تربیت دے رہی ہے ۔ ٹریننگ کے ضمن میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کا زور پارٹی کو بوتھ لیول پر مضبوط کرنے اور لیڈروں اور کارکنوں کو جیت کا منتر دینے پر ہے ۔ راہول گاندھی کا اگلا دورہ گجرات 18 ستمبر کو مجوزہ ہے ۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہول گاندھی لگاتار گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں وہ جمعرات کے روز پھر سے وہاں جائیں گے ۔ گجرات میں کانگریس پارٹی کا شہر اور ضلع صدور کی تربیت کا پروگرام جاری ہے ۔ کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے تربیتی کیمپ کا افتتاح کیا اور اس کے بعد راہول گاندھی نے پارٹی کے عہدیداروں کو گجرات میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے اقدامات پر مشورہ دیا۔ پچھلے سات مہینوں میں اب تک راہول گاندھی پانچ مرتبہ گجرات کا دورہ کر چکے ہیں۔ راہول گاندھی جمعرات کے روز گجرات پہنچنے والے ہیں جہاں وہ کانگریس کے شہر اور ضلع صدور کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ ڈائیلاگ پروگرام میں وہ کارکنوں کے سوالات کے براہ راست جواب بھی دیں گے ۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر گجرات میں اپنی طرف سے کارکنوں کو سب کچھ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سال 2027 کے گجرات اسمبلی انتخابات کو محور بناتے ہوئے راہول گاندھی بی جے پی کو شکست دینے کیلئے کارکنوں کو مسلسل تربیت دے رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ راہول گاندھی نے پہلے بھی لیڈروں سے اپنے اختلافات بھلا کر پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا سارا زور اس بات پر ہے کہ کس طرح کانگریس کو دوبارہ مضبوط بنایا جائے اور لوگوں کو کانگریس کے نظریہ سے واقف کرایا جائے ۔ جوناگڑھ میں جاری کانگریس عہدیداروں کی کانفرنس میں راہول گاندھی نے شہر اور ضلعی صدور کے ساتھ چار گھنٹے تک بات چیت کی۔ بہار کی طرح راہول گاندھی گجرات میں بھی عوامی رابطہ سفر کرنے والے ہیں۔ وہ گجرات میں ہر اسمبلی حلقہ کا احاطہ کریں گے ۔ گجرات کا دورہ کہاں سے شروع ہوگا، کہاں ختم ہوگا اور روڈ میپ کیا ہوگا اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ۔