گجرات میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دیکھنے آنے والے مسلم نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا

,

   

نئی دہلی: گجرات میں 30 سالہ مسلم نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ تئیس سالہ سلمان ووہرا جو 22 جون کو گجرات کے چکھوڈرا میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ دیکھنے گئے تھے گاڑی پارکنگ کے مسئلہ پر ہوئے جھگڑے کے بعد ایک گروپ نے انھیں بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔سلمان کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور ان کی بیوی ایک ماہ کی حاملہ ہے۔ وہ گجرات کے آنند میں پولسن کمپاؤنڈ کے رہنے والے تھے اور کپڑے کا کاروبار کرتے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہجوم سلمان کو جئے شری رام جیسے ہندوتوا نعروں کے ساتھ مار رہا تھا کیونکہ مسلم کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ میچ سے پہلے ہی کشیدگی شروع ہو گئی تھی کیونکہ مسلم کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے جو کہ زعفرانی تنظیموں سے وابستہ کچھ مقامی لوگوں کو اچھا نہیں لگ رہا تھا۔ایک سماجی کارکن عاصم کھیڈوالا نے دعویٰ کیا کہ کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بہت سے کھلاڑی مسلمان تھے۔ بظاہر فائنل میں بھی ایک ٹیم زیادہ تر مسلمانوں پر مشتمل تھی اور دوسری ٹیم میں 2تا3 مسلمان کھلاڑی تھے۔جب مسلمان کھیل رہے تھے تو ہجوم کا ایک حصہ جئے شری رام کے نعرے لگانے لگا۔ سلمان کی موت کا واقعہ پارکنگ کے تنازعہ سے شروع ہوا۔ ایک گروپ مبینہ طور پر موٹرسائیکلوں پر آیا اور سلمان کے ساتھ جھگڑا کیا اور اسے کہا کہ وہ اپنی موٹر سائیکل کو اسٹینڈ سے ہٹا دیں۔ اس مسلہ پر سلمان کی شرپسندوں سے لڑائی شروع ہوئی۔انہوں نے سلمان کو بے رحمی سے مارنا شروع کر دیا۔ سلمان حملہ میں شدید زخمی ہوگئے اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پہنچنے پر انہیں کسی بڑے پرائیویٹ اسپتال جانے کو کہا گیا۔ تاہم دوسرے اسپتال پہنچنے اور ڈاکٹر سے بات کرنے تک سلمان نے آخری سانس لی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہجوم کے حملہ میں دیگر مسلمان زخمی ہوئے۔ خاندان نے 23 جون کو آنند رورل پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی۔اس معاملے میں 7 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے اور عدالت نے ان تمام ملزمین کو سات دن کا ریمانڈ دیا ہے۔ ملزمین کی شناخت میہول عرف گیٹو دنیش بھائی پرمار، کرن عرف ہولو مفت بھائی پرمار، اور مہندر عرف فلیو رمیش بھائی واگھیلا، اکشے عرف اکو نرسنگ بھائی پرمار، رتی لال رائسنگ بھائی پرمار، وجے عرف پکورانی منگل بھائی پرمار (تمام چکھوڈارا سے) اور وگھاسی کے کیتن مہندر بھائی پٹیل کے طورپر کی گئی ہے۔