گجرات میں 21 کروڑ کا واٹر ٹینک آزمائشی استعمال پر گر کر تباہ

,

   

سورت کے 33 گاؤں کی پیاس بجھانے کیلئے
تعمیر کردہ ڈھانچہ 9 لاکھ لیٹر پانی کیساتھ برباد

سورت ۔ 21 جنوری (ایجنسیز) گجرات کے سورت میں ایک نیا واٹر ٹینک بری طرح سے تباہ ہوگیا جس کے بعد گجرات پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فوجداری کیس درج کیا اور گرفتاریاں شروع کردی ہیں۔ یہ واقعہ ریاستی نظم و نسق کیلئے تاریخی پشیمانی کا سبب بن گیا ہے۔ 21 کروڑ روپئے کی لاگت سے گائی پگلا گروپ واٹر سپلائی اسکیم سورت کے 33 دیہات کی پیاس بجھانے کیلئے تیار کی گئی تھی لیکن یہ اسکیم انتظامی شرمندگی کی بڑی علامت بن گیا ہے۔ 19 جنوری کو انجینئروں نے تاڈکیشوار موضع میں قائم 15 میٹر اونچے واٹر ٹینک کو پانی سے بھرا تاکہ وہ اس ٹینک سے سپلائی کو آزمائیں ۔ 9 لاکھ لیٹر پانی بھرنے کے بعد انجینئرس واٹر سپلائی شروع کرنا چاہتے تھے لیکن اس ٹینک میں پانی بھرنے کے ساتھ شگاف پڑ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سارا ڈھانچہ گر کر تباہ ہوگیا۔ اس پورے ٹینک کے ڈھانچہ کی تعمیر آر سی سی طریقہ سے کی گئی تھی۔ یہ افتتاح سے قبل ہی منہدم ہوگیا۔ اس واقعہ پر سارے متعلقہ حکام کے چہرے شرمندگی سے فق ہوگئے۔ تین مزدوروں کو اس واقعہ میں زخم بھی آئے ہیں۔ اس مقام کی تصاویر وائرل ہوگئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہیکہ کافی اسٹیل اور کانکریٹ کا جنگلا ادھر ادھر بکھرا پڑا ہے ۔ مقامی لوگوں میں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ اس پراجکٹ میں ناقص معیار کا میٹریئل استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ تکنیکی خرابیوں کا بھی دخل سمجھا جارہا ہے۔ پراجکٹ کے انجینئرس اور متعلقہ حکام نے اتنی بڑی اسکیم ہونے کے باوجود خاطرخواہ ذمہ داری نہیں دکھائی اور یہ تاریخی پشیمانی اور مایوسی کا سبب بن گئی۔