گجرات نے 204 کا ٹارگٹ حاصل کیا، بٹلر 97*

   

دہلی کے اسٹار بولر اسٹارک کیلئے خراب میچ ثابت ہوا، 49 رنز دیئے
احمدآباد: گجرات ٹائٹنز نے آج آئی پی ایل میں رواں سیزن کی سرکردہ ٹیم دہلی کیاپٹلز کے خلاف 204 کا ٹارگٹ چار گیندیں باقی رکھتے ہوئے حاصل کیا، جس میں انگلینڈ کے اسٹار بیاٹر جوس بٹلر نے 54 گیندوں میں 97 (ناٹ آؤٹ) کے ساتھ اہم رول ادا کیا۔ انھوں نے 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ میزبان کپتان شبمن گل نے ٹاس جیت کر اکشر پٹیل زیرقیادت دہلی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمانوں کی طرف سے ایک دو نہیں بلکہ ابتدائی چھ بیاٹرز نے اچھی شروعات کی لیکن اُن کا ٹاپ انفرادی اسکور 39 رہا جو خود اکشر نے بنائے۔ اوپنرز ابھیشک پوریل (18) اور کرون نائر (31) کے علاوہ کے ایل راہول (28)، ٹرسٹن ٹبس (31) اور اشوتوش شرما (37) میں سے کسی نے بھی بڑی اننگز نہیں کھیلی۔ اس کے برخلاف جوابی اننگز میں ’پلیئر آف دی میچ‘ بٹلر نے تین نمبر پر ڈٹ کر کھیلا۔ اوپنر سائی سدرشن 36 کے ساتھ آج اورینج کیاپ کے حقدار بن گئے جبکہ شرفین ردرفورڈ نے 43 رنز بنائے۔ اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں گجرات کی پہلی اور دہلی کی دوسری پوزیشن ہے۔