گجرات وبرانت سمٹ میں پاکستانی وفد کی عدم شرکت: روپانی

   

احمدآباد۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر وجئے روپانی نے آج کہا ہے کہ مجوزہ وبرانت گجرات سمٹ میں پاکستان سے وفد کی آمد نہیں ہورہی ہے۔ گجرات 18 تا 20 جنوری گاندھی نگر میں سالانہ وبرانت گجرات کے 9 ویں ایڈیشن کی میزبانی کررہا ہے۔ قبل ازیں اس بات پر تنازعہ ہوا تھا کہ گجرات ممبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) نے مختلف عالمی صنعتی باڈیز کو سرمایہ کاری کے اس اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامے روانہ کیے تھے جس میں کراچی چیمبر آف کامرس بھی شامل تھا۔ دہشت گردی کے مسئلہ پر حالیہ دنوں میں ہندوستان اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں۔ دریں اثناء انہوں نے اس تنازعہ کو ختم کرتے ہوئے آج واضح کردیا ہے کہ مذکورہ وبرانت گجرات سمٹ میں پاکستان سے کوئی وفد شرکت نہیں کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں تبادلہ خیال ضرور ہوا ہے لیکن پاکستان کی اس میں شرکت کی بات درست نہیں ہے۔