احمدآباد: گجرات میں بی جے پی کے اندر اقتدار کو لے کر ہنگامہ برپا ہے اور آج یہ ہنگامہ اپنے عروج پر نظر آیا۔ پارٹی اراکین اسمبلی کی بغاوت کھل کر سامنے آ گئی ہے اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ چہارشنبہ کو منعقد ہونے والی وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی کابینہ کی حلف برداری تقریب ملتوی کرنی پڑ گئی۔پروگرام کو لے کر جو بینر لگائے گئے تھے، انھیں پھاڑ دیا گیا ہے یا پھر اتار دیا گیا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ
بھوپیندر پٹیل کی حلف برداری پہلے ہی ہو چکی ہے۔ آج ان کی کابینہ کو حلف لینا تھا، لیکن اب خبر آ رہی ہے کہ یہ تقریب جمعرات کو 1.30 بجے منعقد ہوگی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی بات کہی جا رہی تھی جس پر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔جانکاری کے مطابق بھوپیندر پٹیل اپنی کابینہ میں تقریباً 90 فیصد پرانے وزراء کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ایسے میں وزارتی عہدہ سے بے دخل ہونے کا اندیشہ دیکھتے ہوئے کئی بی جے پی اراکین اسمبلی نے احتجاج کا پرچم بلند کر دیا، اور پھر تنازعہ کھڑا ہو گیا۔
