18 سال کی تکمیل پر مذہبی رسومات ، باقاعدہ دعوت ناموں کی تقسیم ، دیڑھ ہزار افراد کی موجودگی میں سمادھی بنائی گئی
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) انسان کے مرنے کے بعد اس کی سمادھی کے بارے میں وہ ہر کسی نے سنا ہوگا لیکن گجرات میں ایک تاجر نے اپنی قدیم گاڑی کی سمادھی تیار کرتے ہوئے اسے مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ دفن کیا ۔ گجرات کے امریلی ضلع میں ایک تاجر نے اپنی کار کو جو 18 سال کی مدت مکمل کرچکی تھی، سمادھی کی شکل میں دفن کردیا اور اس موقع پر باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کو ’’معزز 4 وہیلر کی سمادھی‘‘ کا نام دیا گیا جس میں گاؤں سے تعلق رکھنے والے 1500 سے زائد افراد اور مذہبی پنڈتوں اور پجاریوں نے شرکت کی ۔ ماروتی ویاگن آر گاڑی کو پھولوں سے سجایا گیا تھا اور گاؤں والوں نے کار کے اطراف گربا رقص کرتے ہوئے اسے وداع کیا۔ کار کو دفنانے سے قبل باقاعدہ جلوس نکالا گیا۔ کھیتوں میں 15 فٹ گہرا گڑھا کھود کر خصوصی پوجا کی گئی اور گاؤں والوں کی موجودگی میں کار کی سمادھی کی گئی۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد کار کو پورے احترام کے ساتھ گڑھے میں اتارا گیا اور اشلکوں کی گونج میں اسے دفن کیا گیا ۔ کار کے مالک سنجے پولرا نے بتایا کہ انہوں نے 2006 میں یہ کار خریدی تھی اور کار کی خریدی کے بعد ان کی قسمت بدل گئی اور غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔ لہذا انہوں نے اس خوش قسمت ثابت ہونے والی کار کو پورے اعزاز کے ساتھ سمادھی کیا ہے کیونکہ وہ کار سے بے حد محبت کرتے ہیں ۔ انہوں نے سورت میں پراپرٹی بروکر کی حیثیت سے کار کو خریدا تھا ۔ بعد میں سوراشٹر کے علاقہ میں ان کے کاروبار میں توسیع ہوئی اور آج وہ ایک بڑے بلڈر بن چکے ہیں اور آوڈی کار کے مالک ہیں۔ سنجے کا ماننا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی کار کی سمادھی کے بارے میں نہیں سنا لیکن اپنی قدیم کار کو پورے اعزازات کے ساتھ وداع کرنے کے لئے سمادھی بنائی ہے ۔ اس تقریب کے لئے باقاعدہ دعوت نامے پرنٹ کئے گئے تھے۔ چار صفحات پر مشتمل دعوت ناموں پر مقدس تقریب درج تھا اور ہر صفحہ پر کار کی تصویر شائع کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ کار کی خریدی کے بعد ان کے خاندان کی ترقی ہوئی ہے اور سماج میں کافی عزت اور شہرت ملی ، لہذا انہوں نے کار کی یاد ہمیشہ تازہ رکھنے کیلئے سمادھی تیار کی ہے۔ 1