گجرات کے دو کانگریس ارکان اسمبلی مستعفی

   

ایک بی جے پی میں شامل ، دوسرے کی بھی عنقریب شمولیت ممکن
احمد آباد ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں کانگریس کو شدید دھکا پہنچا ہے۔ عام انتخابات سے قبل پارٹی کے دو ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے پیش کردیئے ان میں سے ایک رکن اسمبلی نے حکمراں پارٹی بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور دوسرا رکن اسمبلی بھی بہت جلد زعفرانی پارٹی میں شامل ہوجائے گا۔ مناودر رکن اسمبلی جواہر چاوڑہ نے آج گجرات اسمبلی سے استعفیٰ دیدیا اور اپنے مکتوب استعفیٰ کو اسپیکر راجندر ترویدی کے حوالے کیا جبکہ پروشتم سبریا نے بھی آج شام استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ جواہر چاوڑہ نے بی جے پی کے گاندھی نگر ہیڈکوارٹر پہنچ کر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سبریا کو گذشتہ سال اکٹوبر میں آبپاشی اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا۔ انہیں گجرات ہائیکورٹ نے فبروری میں ضمانت پر رہا کیا ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ میں نے دونوں ارکان اسمبلی کے استعفے قبول کرلئے ہیں۔