میہول چوکسی کیلئے جاری نوٹس سے دستبرداری پر کے ٹی آر کا طنز
حیدرآباد۔22۔مارچ(سیاست نیوز) گجرات کے دھوکہ بازوں کیلئے مرکزی ایجنسیوں نے کوئی خصوصی رعایت فراہم کررکھی ہے یا انہیں کوئی چھوٹ فراہم کی گئی ہے!ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے مرکزکی جانب سے میہول چوکسی کیلئے جاری کردہ ریڈ کارنر آؤٹ لک نوٹس سے دستبرداری پر یہ ریمارک کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آیا ’’گجرات سے تعلق رکھنے والے دھوکہ بازوں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں‘‘! کے ٹی آر اپنی بہن کویتا سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کیلئے ان کے ہمراہ دہلی میں قیام کئے ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ ٹوئیٹ کیا اورطنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے راجہ ستیہ ہریش چندر کے ایک اور رشتہ دار میہول چوکسی جو کہ معمولی 13ہزار 500کروڑ کے بینک دھوکہ دہی کے معاملہ میں ملوث ہیں۔ انہیں دنیا بھر کے سفر کی کھلی چھوٹ فراہم کی جا چکی ہے۔م
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یہ ٹوئٹ اس وقت کیا جب مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ان کی بہن و رکن قانون ساز کونسل مسز کے کویتا سے شراب اسکام معاملہ میں پوچھ تاچھ کر رہی تھی ۔ بعد ازاں کے ٹی راما راؤ نے دیباشیش رائے چودھری کی کتاب کا سرورق جس پر نامTo kill a Democracy’ ‘ ٹو کل اے ڈیموکریسی شائع ہے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی یہ کتاب کسی نے انہیں تحفہ میں دی ہے۔ کے ٹی آر کی جانب سے مرکز پر کی گئی اس طنزیہ تنقید پر مختلف گوشوں سے ستائش کی جانے لگی ہے۔م