ضبط شدہ منشیات کی قیمت300کروڑ، گرفتار شدہ افراد سے پوچھ تاچھ جاری
نئی دہلی۔ہندوستانی کوسٹ گارڈز نے گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے ساتھ گجرات کے ساحل پر فشنگ بوٹ میں 8 پاکستانیوں کو 30 کیلو ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا۔ پاکستانی کشتی کے ذریعہ نارکوٹکس کی مشتبہ اسمگلنگ سے متعلق اطلاع پر ہندوستانی کوسٹ گارڈز نے یہ کارروائی کی۔ کوسٹ گارڈزکے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مشتبہ پاکستانی کشتی ہندوستان کے سمندری علاقوں میں دکھائی دی جس کو چہارشنبہ۔ جمعرات کی رات روکا گیا اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے اس کی تلاشی لی گئی جس پر 30 کیلو ہیروئن برآمد ہوئی اور 8 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہیروئن کی مالیت 300 کروڑ روپئے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ منشیات کو گجرات کے ساحل پر پہنچانا تھا۔ گجرات کے ضلع کچھ کے قریب جاکو ساحل سے انہیں گرفتار کیا گیا جن سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈز کی جانب سے گذشتہ ایک سال کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس دوران 1.6 ٹن نارکوٹکس کو ضبط کیا گیا ہے جس کی مالیت تقریباً 5200 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
