گجرات کے سمندر میں80 کلو منشیات ضبط،14 پاکستانی گرفتار

   

احمد آباد : انڈین کوسٹ گارڈ نے گجرات کے ساحل سے دور بین الاقوامی میری ٹائم بارڈر لائن کے قریب 14 پاکستانی شہریوں کو تقریباً 80 کلو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور گجرات اے ٹی ایس نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر گزشتہ کئی دنوں سے ایجنسیوں کی جانب سے یہ آپریشن چلایا جا رہا تھا۔انڈین کوسٹ گارڈ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے معلومات شیئر کی ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات اے ٹی ایس اور این سی بی کی جانب سے سمندر میں رات بھر کارروائی کی گئی جس میں ایک پاکستانی کشتی مغربی بحیرہ عرب میں پکڑی گئی ہے۔ اس کشتی میں عملے کے 14 پاکستانی ارکان سوار تھے۔ ان کے قبضے سے 80 کلو منشیات ضبط کی گئی ہے جس کی قیمت تقریباً 600 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اسی سال فروری میں این سی بی اور ہندوستانی بحریہ نے گجرات کے ساحل کے قریب منشیات کی اب تک کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی تھی۔ اس وقت مشترکہ آپریشن میں 3 ہزار 132 کلو منشیات ضبط کی گئی تھیں جن کی مالیت 1000 کروڑ روپے سے زیادہ تھی۔ بحریہ نے اس جہاز کو اپنے علاقے میں قبضے میں لیتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ فروری 2022 میں این سی بی اور ہندوستانی بحریہ نے گجرات کے ساحل کے قریب ایک بحری جہاز کو پکڑا تھا جس سے 2 کوئنٹل سے زیادہ میتھام فیٹامائن (منشیات میں استعمال ہونے والا ایک خاص قسم کا کیمیکل) برآمد ہوا تھا۔ مئی 23 میں این سی بی نے ایک پاکستانی جہاز سے کم از کم 12 ہزار کروڑ روپے مالیت کی 2500 کلو گرام میتھام فیٹامائن ضبط کی تھی۔ اس جہاز کو ہندوستان، سری لنکا اور مالدیپ میں خریداروں کو منشیات سونپنے سے قبل ہی بحر ہند میں روک لیا گیا تھا۔