گجرات کے ضمنی اسمبلی چناؤ: 81 اُمیدوار وں میں مسابقت

   

احمدآباد : الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ گجرات میں 3 نومبر کو منعقد شدنی ضمنی انتخابات میں 8 نشستوں کیلئے 81 امیدوار میدان میں ہیں۔ یاد رہے کہ گجرات کے ابداسا، لمبڈی، موربی، دھاری، گدھادا، کرجن، دانگ اور کپڑاڈا نشستوں کیلئے انتخابات ناگزیر ہوگئے تھے کیونکہ یہاں سے کانگریس ایم ایل ایز نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پیر کا روز کاغذات نامزدگی سے دستبردار ہونے کا آخری دن تھا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یوں تو 102 پرچہ نامزدگی وصول ہوئے تاہم پیر تک 21 نامزدگیاں واپس لے لی گئیں اور اس طرح انتخابی میدان میں 81 امیدوار باقی رہ گئے۔ لمبڈی میں امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 14 ہے جبکہ کپڑاڈا جو درج فہرست قبائیلیوں کا محفوظ انتخابی حلقہ ہے۔ میں امیدواروں کی تعداد سب سے کم یعنی صرف 4 ہے۔ بیان میں آگے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موربی اور گدھادا میں 12، 12 امیدوار، دھاری میں 11، اپداسا میں 10 اور کرجن اور دانگ میں 9، 9 امیدوار میدان میں ہیں۔ مذکورہ تمام 8 نشستوں کیلئے حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس کے امیدوار ایک دوسرے کے خلاف قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ دانگ میں بھارتیہ ٹرائبل پارٹی نے 2 امیدواروں کو میدان میں اُتارا ہے جو درج فہرست قبائیلیوں (ST) کا محفوظ حلقہ رائے دہی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر غیرمعروف پارٹیاں جیسے بہوجن مہا پارٹی، بہوجن مکتی پارٹی، بھارتیہ جن پریشد، اکھل بھارتیہ راجریا سبھا، آل انڈیا مجلس انقلاب ملت، راشٹر وادی جن چیتنا، یووا جن جاگرتی، ویوستھا پریورتن پارٹی اور راشٹریہ جن کرانتی پارٹی نے بھی اپنے اپنے ایک ایک یا دو دو امیدوار انتخابی میدان میں اشارے ہیں جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ 51 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں جبکہ بی جے پی نے پردیوم سنگھ جڈیجہ (ابداسا)، کرت سنگھ رانا (لمبڈی) ، برجیش میرجا (موربی) ، جے وی ککا ڈیا (دھاری) ، آتما رام پرمار (گدھادا) ، اکشے پٹیل (کرجن) ، وجئے پٹیل (دانگ) اور جیتو بھائی چودھری (کپراڈا) کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے۔ ان امیدواروں میں وہ پانچ سابق کانگریس ایم ایل ایز بھی شامل ہیں جنہوں نے کانگریس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔