نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ‘گجرات کے لوگوں نے عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی بنا دیا ہے۔ اروند کیجریوال نے “عآپ” کو قومی پارٹی کا درجہ ملنے پر تمام حامیوں اور ہم وطنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عام آدمی پارٹی آج قومی پارٹی بن گئی ہے۔ آج گجرات انتخابات کے نتائج آ گئے ہیں اور گجرات کے عوام نے عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی بنا دیا ہے۔ گجرات میں عام آدمی پارٹی کو جتنے ووٹ ملے ہیں، اس کے مطابق عام آدمی پارٹی اب قانونی طور پر قومی پارٹی بن چکی ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے۔ ملک میں چند جماعتیں ہیں، جنہیں قومی جماعت کا درجہ حاصل ہے۔ اب آپ کی عام آدمی پارٹی بھی ان چند پارٹیوں میں شامل ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی صرف 10 سال پہلے بنی تھی۔ ایک چھوٹی پارٹی، ایک نوجوان پارٹی، جس کی عمر صرف 10 سال ہے ۔ ایک طرح سے آپ سب لوگوں کی کافی حیرت انگیز کامیابی ہے۔