لگاتار تیسرے روز آتشزنی اور سنگباری ، چند مشتبہ افراد زیرحراست :آئی جی
آنند (گجرات ) ۔ 25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے ضلع آنند کے کھمبٹ ٹاؤن میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کا سلسلہ جو اتوار کو شروع ہوا ، آج لگاتار تیسرے روز جاری ہے ۔ ہجوم سڑکوں کے پاس کاروباری ڈبوں اور موٹر سیکلوں کو آگ لگارہا ہے۔ ہندو کمیونٹی کے بعض گروپوں کی جانب سے منگل کو بند کا اعلان کیا گیا تھا، اس کو مسلط کرنے کیلئے بند کے حامیوں نے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ زیادہ تر اسکولس ، کالجس اور بازار بند رہے ۔ انسپکٹر جنرل احمدآباد رینج آئی کے جڈیجہ نے کہاکہ لب سڑک دو لکڑی کے ڈبوں کو اور بعض موٹر سیکلوں کو ہجوم نے آگ لگادی ۔ پولیس نے اس واقعہ کے بعد پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔ آئی جی نے کہا کہ بند منانے کی اپیل مختلف ہندو تنظیموں نے کی تھی ۔ یہ اپیل اتوار اور پیر کو پیش آئے تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبہ کے ساتھ کی گئی ۔ آئی جی نے بتایا کہ کئی لوگ گوارا چوک میں جمع ہوئے اور احتجاج کرنے لگے ۔ وہاں سے جاتے ہوئے بعض لوگوں نے آتشزنی کا ارتکاب کیا ۔ چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ، تاہم اب صورتحال قابو میں ہے اور متاثرہ ٹاؤن میں پولیس پرسونل کی معقول جمعیت متعین کی گئی ہے ۔ ریاپڈ ایکشن فورس کی دو کمپنیوں اور اسٹیٹ ریزرو پولیس کی چار کمپنیوں کو بھی تعینیات کیا گیا ہے ۔ ہر کمپنی تقریباً 80 مسلح پرسونل پر مشتمل ہوتی ہے ۔ پولیس نے ابھی تک 23 فبروری سے آتشزنی اور سنگباری میں ملوث 85 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ اتوار کے بعد پیر کو تشدد میں تیزی آئی اور پیوستہ روز کے مقابل زیادہ واقعات پیش آئے ۔