احمد آباد۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)گجرات میں کانگریس کے سینئر لیڈر ، پارٹی کے سابق ریاستی ترجمان اور احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر بدرالدین شیخ کا کورونا وائرس سے گزشتہ رات انتقال ہو گیا ۔ وہ 68 سال کے تھے ۔ وہ اجمیر کی خواجہ معین الدین چشتی ؒدرگاہ کی نگرانی کرنے و الی سرکاری کمیٹی کے بھی ٹرسٹی تھے ۔ پارٹی کے ترجمان منیش دوشی نے بتایا کہ بھرام پور علاقے کے کانگریسی کارپوریٹر شیخ دو ہفتے سے زیادہ وقت سے یہاں ایس بی پی اسپتال میں داخل تھے اور کافی عرصے سے وینٹی لیٹر پر تھے ۔ گزشتہ شب انہوں نے آخری سانس لی ۔ وہ ذیابیطس کے مرض میں بھی مبتلا تھے ۔ ان کی اہلیہ بھی کورونا سے متاثر پائی گئی تھیں اور اب بھی اسپتال میں ہیں۔ ان کی اہلیہ قرنطینہ مرکز میں ہے ۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے ۔کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور ان کی پارٹی کے خازن احمد پٹیل نے اظہار تعزیت کیا ہے۔