گجویل اور رنگاریڈی کے ریونیو عہدیداروں کی اقلیتی کمیشن میں حاضری

   

اراضی کے تنازعات کی سماعت، صدر نشین محمد قمر الدین کا بیان

حیدرآباد۔/15 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں دو مقدمات کی سماعت کی گئی۔ نائب صدرنشین بی شنکر لوکے کے علاوہ کمیشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ گجویل منڈل میں زرعی اراضی سے متعلق ریکارڈ میں پٹہ دار کی جگہ دیگر افراد کے نام کی شمولیت کی شکایت کی گئی۔ 1995 کے بعد ریکارڈ میں اراضی پر قبضہ کرنے والے کا نام شامل کردیا گیا۔ تحصیلدار گجویل محمد انور نے اجلاس کو صورتحال سے واقف کرایا۔ صدرنشین نے فریقین کی سماعت کی اور پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے درخواست گذار کو ہدایت دی کہ وہ جوائنٹ کلکٹر سدی پیٹ سے رجوع ہوکر ریویو پٹیشن دائر کریں۔ مقدمہ کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کی گئی۔شیر لنگم پلی منڈل ضلع رنگاریڈی میں سروے نمبر 124/E کے تحت گوپن پلی میں پلاٹ کے تنازعہ کی سماعت کی گئی۔ آر ڈی او راجندر نگر شریمتی چندرا کلا ریڈی اور ڈپٹی کلکٹر شیر لنگم پلی ومسی موہن نے اجلاس کے روبرو پیش ہوکر اراضی کے موقف سے واقف کرایا۔ ایم اے باری اور ایم اے مجید نے دیگر افراد کے ساتھ کمیشن سے شکایت کی کہ انہوں نے گوپن پلی میں رہائش پلاٹس خریدے تھے بیرون ملک ملازمت کے دوران یہ پلاٹس خریدے گئے تاہم وہ اس کی نگرانی سے قاصر رہے جس کے نتیجہ میں بعض افراد نے مذکورہ پلاٹس پر قبضہ کرلیا۔ کمیشن سے اراضی واپس دلانے کی اپیل کی گئی۔ درخواست گذاروں کی سماعت کے بعد اقلیتی کمیشن نے عہدیداروں کو اراضی کے معائنہ اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ڈائرکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ سنگاریڈی اور دیگر عہدیدار معائنہ کریں گے۔ رپورٹ کی وصولی تک کیلئے معاملہ کو 21 مارچ تک ملتوی کیا گیا۔