گجویل میں مختلف واقعات میں تین نوجوان ہلاک

   

گجویل۔ گجویل حلقہ میں مختلف حادثات و واقعات میں تین نوجوانوں کی موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب حلقہ گجویل کے رائے پول منڈل کے موضع اناج پور کا رہنے والا 34 سالہ کنکیا جو کھیتی باڑی کرتا تھا چند برسوں سے کھیتی باڑی میں مسلسل نقصانات ہونے پر کافی مقروض ہوگیا تھااور قرض چکانے کے موقف میں نہیں تھا قرض داروں کی مسلسل ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوکر آج اپنے کھیت میںدرخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلیا۔ متوفی کے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ دو لڑکے ہیں۔سب انسپکٹر رائے پول مسٹر محبوب نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ایک اور حادثہ حلقہ کے کونکڈہ پاک منڈل کے موضع منگول چوراہا پر پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب مرکوک منڈل کے موضع ایرویلی کے رہنے والے نرسملو اور پرشورام موٹر سیکل پر سدی پیٹ جانے کے دوران ان کی تیز رفتار موٹر سیکل آج صبح کونڈہ پاک منڈل کے موضع ککنور پلی سیوار کے قریب راجیو راہداری مسنگول چوراہا پر ٹہری ہوئی انووا کار سے ٹکرا جانے کے سبب موٹر سیکل پر سوار نرسملو کے سر پر زبردست چوٹ آنے پر وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ شدید زخمی پرشورام کو بغرض علاج سرکاری دواخانہ گجویل منتقل کردیا گیا۔ سب انسپکٹر پولیس سائی رام نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور ایک کیس درج کرلیا۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ حلقہ گجویل کے دولت آباد منڈل میں پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب رائم پیٹ منڈل مستقر کا رہنے والاراجندر چند برسوں سے دولت آباد منڈل مستقر میں مقیم تھا چنانچہ راجندرکا بڑا لڑکا 23 سالہ وشنو اپنے والد سے چند دنوں سے موٹر سیکل خریدنے کا مطالبہ کررہا تھا مگر والد کے پاس پیسے نہ ہونے پر ٹال مٹول کرنے پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں بضد ہوکر وشنو نے موٹر سیکل کے بارے میں والد سے جھگڑا کرکے باہر چلا گیا جس کی نعش آج دوپہر گاؤں کے قریب ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔