گجویل میں مسلم نوجوان پر حملہ کا اقلیتی کمیشن نے نوٹ لیا

   

از خود کارروائی، ایس پی سے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین طارق انصاری نے سدی پیٹ ضلع کے گجویل میں مسلم نوجوان پر فرقہ پرست عناصر کی جانب سے حملہ اور برہنہ پریڈ کرانے معاملہ کا از خود نوٹ لیتے ہوئے ایس پی سدی پیٹ کو نوٹس جاری کی ہے۔ اقلیتی کمیشن نے انسپکٹر رتبہ کے عہدیدار سے اس معاملہ کی جانچ کرانے اور 11 جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ صدرنشین کمیشن کے مطابق از خود کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا ہے اور 3 اور 4 جولائی کی درمیانی شب پیش آئے واقعہ پر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی۔ اس واقعہ میں اقلیتی طبقہ کے ایک شخص کو برہنہ پریڈ کرائی گئی اور اسے جئے سری رام کہنے پر مجبور کیا گیا۔ بجرنگ دل، وی ایچ پی اور آر ایس ایس کی جانب سے منائے گئے بند کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ کمیشن نے اقلیتی طبقہ کے شخص کے ساتھ بے حرمتی اور پیشاب پینے کیلئے مجبور کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ صدرنشین کمیشن نے بتایا کہ اس واقعہ کے دوران گجویل پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ اس سارے معاملہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوا ہے۔ صدرنشین کمیشن طارق انصاری نے اس معاملہ کی جانچ کا فیصلہ کیا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سدی پیٹ کو 11 جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اگر رپورٹ اطمینان بخش نہ ہو تو سپرنٹنڈنٹ پولیس کو کمیشن کے روبرو پیش ہوکر وضاحت کرنی ہوگی۔ر