کانگریس کارکنوں نے چیف منسٹر کی تصویر لگائی۔ پولیس کی بھاری جمعیت تعینات
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ گجویل میں سیاسی ماحول اچانک کشیدہ ہوگیا جس کی سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندرشیکھر راؤ نمائندگی کرتے ہیں۔ گجویل میں واقع کے سی آر کے کیمپ آفس پر اس وقت ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی جب کانگریس کے قائدین اور کارکن وہاں پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع سدی پیٹ کانگریس کمیٹی کے صدر انکشاریڈی کی قیادت میں کانگریس کارکن کیمپ آفس پہنچے اور وہاں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تصویر لگادی۔ اس دوران کارکنوں نے جئے کانگریس کے نعرے بھی لگائے جس سے ماحول مزید گرم ہوگیا۔ اس دوران حالات اس وقت بگڑ گئے جب چند کارکنوں نے آفس پر حملہ کرتے ہوئے فرنیچر کو نقصان پہنچایا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے۔ واقعہ کے بعد بی آر ایس نے الزام لگایا کہ کانگریس کے کارکن ہی تشدد کے ذمہ دار ہے اور انہوں نے ہی حملہ کیا ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب کانگریس کے قائدین نے ان الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ تو صرف چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تصویر لگانے گئے تھے اور کسی بھی قسم کے تشدد میں ملوث نہیں تھے۔ واقعہ کے بعد گجویل میں کشیدگی بڑھ گئی جس کے پیش نظر پولیس جمعیت کو بھاری تعداد میں تعینات کردیا گیا فی الحال علاقے میں تناؤ برقرار ہے اور حالات پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔M2Y