گجویل میں 45کنٹل غیر قانونی راشن چاول ضبط ، دو افراد گرفتار

   

گجویل /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر گجویل کے مین بازار میں موجود ایک دوکاندار کے پاس غیر قانونی طور پر ذخیرہ اندوزی کئے گئے ارزاں فروشی کے سرکاری چاول کو باوثوق اطلاع پاکر گجویل تحصیلدار مسٹر انور محمد اور گجویل پولیس سب انسپکٹر اشوک کمار نے اچانک دھاوا کرتے ہوئے کم از کم 40 کنٹل پی ڈی ایس سرکاری چاول کو ضبط کرلیا اور غیر قانونی طور پر چاول کی ذخیرہ اندوزی کرنے کی پاداش میں دوکاندار کے مالک ناگا راجو کو حراست میں لے لیا ۔ دریں اثناء اسی دوکان پر آٹو کے ذریعہ کم از کم پانچ کنٹل سے بھی زیادہ چاول کو فروخت کرنے کی غرض سے لائے گئے ضلع بھونگیر کے تکاپلی تعلق رکھنے والے آٹو ڈرائیور کو حراست میں لیکر متعلقہ عہدیداروں نے آٹو کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ اس موقع پر گجویل ریونیو انسپکٹر پروین کمار ، پولیس بلوکورٹس ٹیم کے کانسٹیبل اور دیگر موجود تھے۔

سدی پیٹ میں سوئمنگ پل کا کمشنر بلدیہ نے معائنہ کیا
سدی پیٹ /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے شہر سدی پیٹ میں وسیع تر سوئمنگ پل تعمیر کرایا ۔ بلدیہ کمشنر سدی پیٹ رویندر ریڈی نے گورنمنٹ ڈگری کالج سے متصل موجود سوئمنگ پول کا معائنہ کیا ۔ اور آنے والے موسم گرما میں عوام کیلئے درکار سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ دریں اثناء کمشنر بلدیہ نے سوئمنگ پول کے ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ سوئمنگ پولس کو مکمل طریقہ سے تیار رکھیں ۔ کشادگی کے بعد سابقہ میں جس طرح اوقات کار تھے صبح 6 تا 10 بجے اور شام 4 تا 7 بجے یہی وقت برقرار رکھتے ہوئے پابندی کریں ۔