گجویل کا جلسہ عام ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز: ریونت ریڈی

   

17 ستمبر کو ایک لاکھ افراد کی شرکت، سینئر قائدین کے ساتھ مشاورتی اجلاس
حیدرآباد۔13 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں 17 ستمبر کو دلت اور گریجنوں کے جلسہ عام کے سلسلہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج پارٹی عاملہ کا وسیع تر اجلاس گاندھی بھون میں طلب کیا۔ اس اجلاس میں سابق صدور پردیش کانگریس کے علاوہ ارکان اسمبلی ، ورکنگ پریسیڈنٹس ، نائب صدور اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گجویل میں جلسہ عام ریاست میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ثابت ہوگا ۔ گزشتہ سات برسوں میں دلت اور گریجن طبقات کے سی آر حکومت کی ناانصافیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو دلتوں کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور انہوں نے سیاسی فائدہ کیلئے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی 125 جینتی کے موقع پر کے سی آر نے 125 فٹ بلند مجسمہ کی تنظیم کا اعلان کیا تھا۔ لیکن وعدہ پر عمل نہیں ہوا۔ ہنمنت راؤ نے اپنے خرچ سے مجسمہ حاصل کیا لیکن اسے پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجویل کے جلسہ عام کے بعد امبیڈکر مجسمہ کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ گجویل کے جلسہ عام میں ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے اور 32 منڈلوں میں ہر منڈل سے 3000 افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے مہمان خصوصی ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کی واپسی اور سونیا گاندھی کے عطا کردہ تلنگانہ میں جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کا گجویل جلسہ عام سے آغاز ہوگا۔ اجلاس سے دامودر راج نر سمہا ، مدھو یاشکی گوڑ ، جانا ریڈی ، سریدھر بابو ، وی ہنمنت راؤ ، مہیش کمار گوڑ ، ڈاکٹر گیتا ریڈی ، چنا ریڈی ، ملو روی ، سریش شیٹکر ، جی نرنجن ، کودنڈا ریڈی اور دوسروں نے خطاب کیا۔ R