گجویل کو ریاست میں ماڈل حلقہ بنانے کے اقدامات

   

مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد عہدیداروںو قائدین کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب

گجویل۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنے آبائی وطن گجویل کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے بموجب چیف منسٹر آج دن کے بارہ بجے حیدرآباد سے بذریعہ بس ملگ منڈل کے موضع ونٹی مامیڈی پہنچ کر وہاں تعمیر کی گئی تلنگانہ ہارٹیکلچر یونیورسٹی کا افتتاح کرنے کے علاوہ موضع ونٹی مامیڈی میں ہی نو تعمیر شدہ فارماسٹی کالج اور ریسرچ سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ بعد ازاں مستقر گجویل پہنچ کر اندرا پارک کے قریب بنائی گئی انٹگریٹیڈ ( مربوط ) مارکٹ کا افتتاح کیا اور وہاں سے سیدھے سنگاپور لب سڑک پر بنائی گئی ( آئی او سی ) انٹگریٹیڈ آفس کامپلکس کا افتتاح کرنے کے بعد موضع مٹراج پلی لب سڑک مہاتی ماڈل آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ دفتر گجویل میں بنائے گئے سی ایم آفس کا افتتاح کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار اور ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین کے ایک اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی گجویل کو ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک میں ہی ایک ماڈل حلقہ بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ جاتی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں کمربستہ ہوکر کام کریں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے حلقہ گجویل کے عوام کی سہولت کی خاطر نئی ڈرین پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ مستقر گجویل میں تعمیر کئے جانے والے 100 بستروں والے زچگی خانہ کے تعمیری کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ہریش راؤ، ریاستی وزیر نرنجن ریڈی، ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کے علاوہ مختلف محکمہ جاتی عہدیدار موجود تھے۔