گجویل /23 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر گجویل میں نوتعمیر شدہ عیدگاہ میں حافظ و عالم و خطیب مدینہ مسجد گجویل جناب اکمل اشرف مصباحی نے دس بجے نماز عیدالفطر پڑھائی اور خطبہ دیا ۔ اس نوتعمیر شدہ عیدگاہ کا عیدالفطر سے ایک دن قبل ریاستی وزیر خزانہ و صحت عامہ مسٹر ہریش راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا تھا ۔ اس نوتعمیر شدہ عیدگاہ میں کم از کم پانچ ہزار سے بھی زیادہ افراد کو عید کی نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے ۔ مستقر گجویل میں بڑھتی ہوئی مسلم آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی کے نمائندہ حلقہ میں دو کروڑ روپیوں کی لاگت سے حکومت نے اس جدید عیدگاہ کی تعمیر جنگی خطوط پر کی جوکہ مسلمان گجویل کیلئے ایک خوش آئند بات ہے ۔