چیف منسٹر کی انسانی ہمدردی
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گجویل سے تعلق رکھنے والے غریب خاندان کے ایک نوجوان کے علاج کے لئے 10 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ وزیر فینانس پی ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں 27 سالہ پی مہیش کی قیامگاہ پہنچ کر امدادی رقم کا چیک حوالے کیا۔ نوجوان کی جگر کی پیوندکاری کے لئے یہ رقم منظور کی گئی ہے ۔ طویل عرصہ سے یہ نوجوان جگر کے عارضہ میں مبتلا ہے ۔ ڈاکٹرس نے پیوندکاری کا مشورہ دیا لیکن یہ غریب خاندان اخراجات کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا ہے ۔ مہیش کے والدین نے مقامی وارڈ ممبر سے اس مسئلہ کو رجوع کیا جنہوں نے صدرنشین فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پرتاپ ریڈی اور وزیر فینانس ہریش راؤ کو غریب خاندان کے حالات سے واقف کرایا۔ یہ معاملہ جب چیف منسٹر تک پہنچا تو انہوں نے علاج کے لئے فوری طور پر دس لاکھ روپئے کی منظوری دی۔
