گجویل

   

                    ٭دھان‘ رائس ملز منتقل کریں : ایڈیشنل کلکٹر
                     ٭شجرکاری میں ہر فرد کو حصہ لینے کا مشورہ
    ٭  بیٹوں کے جھگڑوں سے دلبرداشتہ باپ کی خودکشی

گجویل: متعلقہ زرعی عہدیدارکسانوں سے امدادی قیمت پر خرید کردہ دھان کے ذخیروں کو عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے مختلف رائس ملز کو منتقل کرنے کی کی ہدایت ضلع سدی پیٹ کے ایڈیشنل کلکٹر مسٹر مزمل خان نے متعلقہ محکمہ جاتی عہدیداروں کو دی۔ انہوں نے آج حلقہ اسمبلی گجویل کے کونڈہ پاک منڈل کے موضع دودیڈہ میں واقع دھان خریدی سنٹر کا معائنہ کرنے کے بعد وہاں موجود کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اپنی فصلوں کے دھان کو سکھانے کے بعد اس دھان خریدی سنٹر کو لائیں۔ ایڈیشنل کلکٹر نے وہاں موجود کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے دھان کی ڈھیروں کو ڈھانکنے کیلئے کسانوں کو ٹریلین کوورس مہیا کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداراس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کسانوں کو تیقن دیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ رعیتو بندھو منڈل کنوینر درگیا، ٹی آر ایس منڈل صدر کمار اور دیگر موجود تھے۔
٭٭ ریاستی حکومت پکے عزم سے شروع کردہ ہریتا ہارم ( شجرکاری ) پروگرام کو ہر فرد اپنا فریضہ جان کر شجرکاری میں حصہ لے۔ اس بات کا مشورہ ضلع سدی پیٹ ڈی آر ڈی او پراجکٹ ڈائرکٹر گوپال راؤ نے حلقہ گجویل کے مردوڈی منڈل کے موضع دھرماورم میں ہریتا ہایرم اسکیم کے تحت لگائے گئے پودوں کا معائنہ کرنے کے بعد دیا۔ بعد ازاں گوپال راؤ نے منڈل کے موضع لنگوپلی پہنچ کر مقامی سرپنچ اور مقامی پنچایت سکریٹری کے اشتراک سے کی گئی شجرکاری کو ٹینکر کے ذریعہ پانی سیراب کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی ڈی او راج ریڈی اور دیگر معاونین موجود تھے۔
٭٭ گذشتہ چار پانچ سال سے اپنے دو جوان بیٹوں میں کسی نہ کسی بہانے مسلسل جھگڑے ہوتے رہنے سے دلبرداشتہ ہوکر باپ کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب حلقہ گجویل کے دولت آباد منڈل مستقر کا رہنے والا 55 سالہ کشٹیا جو گاؤں میں باوقار انداز میں رہتے ہوئے زرعی کام کرتا تھا۔ مگر اس کے دو نالائق جوان بیٹے ہر روز کسی نہ کسی بہانے آپس میں جھگڑا کیا کرتے تھے جس کے باعث کشٹیا کافی مایوس ہوگیا تھا۔ چنانچہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں کشٹیا نے اپنے کھیت میں جراثیم کش دوا کا استعمال کرلیا ۔ کشٹیا کو دواخانہ منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔