گدوال ریزروائر کے کام میں تاخیراور مالکین مکانات کے رویہ پر برہمی

   

وزیر اعلیٰ کی چیف سکریٹری سمیتا سبھروال کا دورہ اور عہدیداران کو ہدایت،وزراء و دیگر کی شرکت

گدوال:ریاستی وزیر اعلی کے چیف سکریٹری سمیتا سبھروال نے آج وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کے ہمراہ بذریعہ ہیلی کاپٹر گدوال کا دورہ کیا۔ گدوال پہنچنے پر ایڈیشنل کلکٹر سری ہرشا نے ان کا استقبال کیا۔تفصیلات کے مطابق چیف سکرٹری سمیتا سبھروال نے آج ضلع گدوال کے گٹو منڈل کے موضوع چینونی پلی پہنچ کر چینونی پلی ریزروائر کے کاموں کا معائنہ کیا اور کام کی سست رفتاری اور مزید اس موضع میں موجود خالی نہ کرنے والے مکانات کے مالکان کے رویہ پر عہدیداران پر برہمی کا اظہار کیا اور سختی کے ساتھ ہدایت دی کے اس موضع کو فوراً خالی کروانے کے لیے گاؤں میں مکمل طور برقی مسدود کرتے ہوئے گاؤں کو خالی کرائیں اور مکانات منہدم کئے جائیں کیونکہ حکومت انہیں کافی عرصہ قبل ہی ان کے مکانات اور کھیتوں کے بدل رقم ادا کرچکی ہے اور دوسرے مقام پر بہترین جگہیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ اس موضع کے عوام وہاں محفوظ اور خوشحال و پر سکون زندگی گذارسکیں۔رقم لینے اور جگہ لینے کے بعد گاؤں اور زمین حوالے نہ کرنا قانون کی کھلی خلاف ورزی ہوگی ایسے ہٹ دھرم افراد پر سخت ترین قانونی کارروائی پوگی۔ انہوں کہا کہ موجودہ کنٹراکٹر کو فوری بدل کر دوبارہ سے نئے کنٹراکٹر کے کام قانونی طور پر حوالے کرتے ہوے کام میں تیزی لائی جائے گی۔چیف سکرٹری سمیتا سبھروال نے عہدیداران کو سختی کے ساتھ ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر انہیں اس ریزروائر کے کاموں کی رپورٹ روانہ کریں بصورتِ دیگر عہدیداروں کے خلاف بھی سست رفتاری پر مواخذہ کیا جائے گا۔اس موقع پر ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی مدبرانہ قیادت میں ریاست تلنگانہ تیز رفتار ترقی زینہ طئے کررہی ہے جس کی بناء پر پڑوسی ریاست کرناٹک اور آندھراپردیش سے بھی لوگ روزگار کے لئے ریاست تلنگانہ کو پہلی ترجیح دیتے ہوئے یہاں آرہے ہیں اسی طرح کسانوں کی خوشحالی کے لیے متعدد مقامات پر ریزروائرس کی تعمیر جنگی خطوط پر کی جارہی۔اس موقع پر ان کے ساتھ رکن اسمبلی گدوال بنڈلہ کرشنا موہن ریڈی اور ایڈیشنل کلکٹر ہرشا اور عالم پور رکن اسمبلی ڈاکٹر ابراہم اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔