صدرنشین ضلع پریشد کی کانگریس میں شمولیت ، ملکارجن کھرگے سے ملاقات
حیدرآباد 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں صدرنشین ضلع پریشد گدوال شریمتی سریتا اور نظام آباد بالکنڈہ سے تعلق رکھنے والے سنیل ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک ٹھاکرے ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار ، ڈاکٹر ملو روی و دیگر موجود تھے۔ شریمتی سریتا نے ضلع پریشد صدرنشین عہدہ سے استعفیٰ دے کر گدوال ضلع میں بی آر ایس کو جھٹکہ دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کے کئی بی آر ایس قائدین جلد کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ملکارجن کھرگے نے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کے استحکام کیلئے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ تلنگانہ میں کئی ضلع بی آر ایس قائدین ریونت ریڈی سے ربط میں ہیں اور 30 جولائی کو پرینکا گاندھی کے مجوزہ دورہ محبوب نگر کے موقع پر شمولیت اختیار کرینگے ۔ اسی دوران ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے راہول گاندھی اور کے سی وینو گوپال سے ملاقات کرکے پرینکا گاندھی کے پروگرام کو قطعیت دینے کی خواہش کی۔ ابتداء میں 20 جون کو یہ پروگرام طئے کیا گیا تھا لیکن پرینکا گاندھی کے بیرونی دورہ کے سبب پروگرام کو ملتوی کرنا پڑا۔ر