گذشتہ سال ٹریفک چالانات سے 208 کروڑ کی آمدنی

   

جاریہ سال 158 کروڑ سے زائد کی وصولی ۔ سائبر آباد چالانات میں سر فہرست ۔ آر ٹی آئی سوال سے انکشاف

حیدرآباد۔29 نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کو مالی سال 2020-21 کے دوران ٹریفک چالانات سے 208 کروڑ 47لاکھ 3ہزار700 روپئے وصول ہوئے جو کہ اپریل 2020 تا31 مارچ 2021 کے دوران وصول کئے گئے ۔ ریاست تلنگانہ میں یکم اپریل 2021 سے 30ستمبر 2021کے دوران 158 کروڑ 33لاکھ 78ہزار 350 روپئے وصول کئے جا چکے ہیں۔ قانون حق معلومات کے تحت داخل کی گئی درخواست میں اس بات کا انکشا ف ہوا ہے کہ سال گذشتہ 208 کروڑ سے زیادہ ٹریفک چالانات کئے گئے تھے جبکہ جاریہ سال 6ماہ کے دوران 158کروڑ سے زائد وصول کئے جاچکے ہیں۔ سال 2020-21 کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے وصول کئے گئے چالانات میں سب سے زیادہ چالان سائبر آباد کمشنریٹ کے حدود میں کئے گئے تھے جہاں سے 71کر وڑ47لاکھ 85ہزار300 روپئے کے چالانات کئے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر حیدرآباد ہے جہاں 55کروڑ 65لاکھ 10ہزار200 روپئے کے چالان کئے گئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود ہیں جہاں 19کروڑ 44 لاکھ 7ہزار100 روپئے کے چالانات کئے گئے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں سال 2020-21کے دوران سب سے کم چالانات جس علاقہ میں کئے گئے ہیں وہ ہے ملوگو جہاں محض 28لاکھ 50ہزار50 روپئے کے چالانات کئے گئے ہیں۔ مالی سال 2021-22کے پہلے6ماہ کے دوران جو چالانات کئے گئے ہیں ان میں بھی سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں سب سے زیادہ چالان کئے گئے ہیں جہاں ابتدائی 6ماہ کے دوران ہی 53کروڑ 26لاکھ 16ہزار800 روپئے کے چالان کئے جاچکے ہیں اور دوسرے نمبر پر کمشنریٹ حیدرآباد کے حدود ہیں جہاں اپریل تا ستمبر 2021کے دوران 35کروڑ 57لاکھ 37ہزار200 روپئے کے چالانات کئے جاچکے ہیں اور تیسرے نمبر پررچہ کنڈہ کمشنریٹ ہے جہاں مالی سال کے پہلے 6ماہ کے دوران 13کروڑ 99لاکھ 22ہزار400 روپئے کے چالانات کئے جاچکے ہیں۔ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس بالخصوص ٹریفک پولیس کی جانب سے کئے جانے والے چالانات اور ان کی وصولی کے اقدامات سے برہم شہریوں کی جانب سے اپنی بائک کو آگ لگانے کے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں کیونکہ شہریوں کا الزام ہے کہ ٹریفک پولیس عملہ شہریو ںکے لئے بہتر ٹریفک نظام کو یقینی بنانے اور انہیں ٹریفک جام سے پاک راستوں کی فراہمی کے بجائے تصویر کشی کرتے ہوئے انہیں چالان کرنے میں مصروف ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ریاستی حکومت کو ٹریفک چالانات سے سینکڑوں کروڑ روپئے وصول ہونے لگے ہیں۔م