دھان خریدی مراکز کا سابق رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کا دورہ ، مسائل سے واقفیت
میدک، 25 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک کے پاپنا پیٹ منڈل کے ناگسن پلی آئی کے پی IKP سوسائٹی خریداری مرکز کا دورہ کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے بی آر ایس قائدین کے ہمراہ کسانوں کے مسائل کا جائزہ لیا اور گزشتہ تین دنوں سے جاری بیموسم بارشوں سے کسانوں کو شدید نقصان ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ نہ صرف دھان کی خریداری میں بلکہ لاریوں کی روانگی اور رائس ملوں تک اناج کی منتقلی میں بھی تاخیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھیگے ہوئے دھان کے آخری دانے تک خریداری کی جائے، جیسا کہ سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کے دور میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت کسانوں کو نہ تو رائتوبندھو فراہم کر رہی ہے اور نہ ہی رائتوبھروسہ جیسی اسکیموں پر درست انداز میں عمل کرہی ہے۔ اگر خریداری مراکز بروقت شروع کیے جاتے تو کسان بارش سے بچ سکتے تھے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر راہول راج سے فون پر بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خریداری مراکز پر فوری لاریوں کی روانگی کی جائے، بصورت دیگر ٹریکٹروں کے ذریعے دھان کو رائس ملوں تک منتقل کرنے کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باوجود ترپال ڈالنے سے بھی اناج بھیگ گیا اور اس میں انکرت (پھوٹ) آچکی ہے، لیکن نہ تو ضلع عہدیدار اور نہ ہی عوامی نمائندے خریداری مراکز کا دورہ کر رہے ہیں۔ خریداری مراکز پر ہو رہی تاخیر پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بی آر ایس پارٹی کسانوں کے حق میں احتجاجی دھرنے منعقد کرے گی۔ ان کے ہمراہ منڈل صدر وشواناتھ ریڈی، سابق ضلع رائتوبندھو صدر سومولو، ایڈوپایلہ دیوستھانم کے سابق چیرمین بالا گوڑ، مارکیٹ کمیٹی کے سابق صدر وینکٹ ریڈی، قائدین درگیا، رگھو، منوہر، مادھو ریڈی، سرینواس گوڑ، روی کمار، نرسمہلو، کسان و دیگر موجود تھے۔