سڑک حادثات کے مقامات کی نشاندہی ، اڈیشنل کمشنر انیل کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /12 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گزشتہ 6 مہینے کے دوران مہلک سڑک حادثات میں 12 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ ان حادثات میں اموات میں 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری تا /30 جون 2019 ء تک حیدرآباد و سکندرآباد میں جملہ 129 مہلک حادثات پیش آئے جبکہ 2018 ء میں 146 ریکارڈ کئے گئے تھے ۔ ان حادثات میں جاریہ سال اب تک 135 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال 150 افراد حادثات میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان حادثات میں گزشتہ سال کی بہ نسبت راہگیروں کی اموات میں 16 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر انیل کمار نے مزید کہا کہ شہر میں 50 بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر اکثر مہلک حادثات پیش آرہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 85 ایسے مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر مختلف وجوہات کے سبب سڑک حادثات ریکارڈ کئے جارہے ہیں ۔ اس پریس کانفرنس میں انیل کمار نے کہا کہ گزشتہ 6 مہینوں کے دوران حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی گئی ہے جن میں ٹرپل رائیڈنگ کے 43 ہزار 759 مقدمات درج کئے گئے جو گزشتہ سال سے 60 فیصد زیادہ ہے ۔ اسی طرح رانگ سائیڈ ڈرائیونگ مقدمات میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کی جارہی ہے ۔ جس میں ڈرائیونگ کے دوران موبائیل فون پر بات کرنا ۔ بے راہ روی سے گاڑی چلانا ۔ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ ‘ غلط پارکنگ ‘ سگنل جمپنگ ‘ بغیر ہیلمٹ کے گاڑی چلانا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 مہینوں کے دوران 3 کروڑ 68 لاکھ جرمانہ کی رقم وصول کی گئی ہے اور حالت نشہ میں گاڑی چلانے پر 2864 افراد کو جیل کی سزاء ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اور بہتری لانے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔