گذشتہ 10 دن میں دودھ کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ

   

127 لاکھ لیٹرس : تلنگانہ میں ڈیری دودھ کا استعمال ہوتا ہے
50 روپئے فی لیٹر : ٹونڈ ملک کی اوسط اقل ترین قیمت
68 روپئے فی لیٹر : ہول ملک کی اوسط اقل ترین قیمت
گذشتہ 10 دن میں خانگی ڈیریز کے دودھ کی قیمتوں میں 2 تا 6 روپئے کا اضافہ ہوا۔

محمد اظہر علی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : دودھ کے صارفین پر پھر ضرب پڑی ہے ۔ گذشتہ 10 دن میں خانگی ڈیریز کے دودھ کی قیمتوں میں 2 تا 6 روپئے فی لیٹر تک اضافہ ہوا ہے ۔ ٹونڈ ملک اب 50 روپئے اور سالم دودھ 68 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے وجئے ڈیری کے ٹونڈ ملک کی قیمت 48 روپئے فی لیٹر کردی ہے جب کہ خانگی ڈیریز جیسے تروملا ، اروکیا ، ڈوڈلا اور ہیرٹیج کی جانب سے دودھ 48 تا 50 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ امول دودھ کی قیمت میں بھی جو 46 روپئے فی لیٹر ہے آئندہ چند دن میں اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ عہدیداروں نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کو تلنگانہ میں دودھ کی پیداوار میں کمی سے منسوب کیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پیداوار میں کمی کے ساتھ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسا پانچ سال میں ایک مرتبہ ہوتا ہے ۔ دودھ کی پیداوار میں کمی کی ایک اصل وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ ڈیری فارمرس زراعت کی طرف توجہ دے رہے ہیں ۔ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور آبپاشی کے لیے پانی کی سربراہی میں اضافہ سے کئی ڈیری فارمرس زراعت میں آگئے ہیں کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ یہ ان کے لیے زیادہ منفعت بخش ہے ۔ خانگی ڈیری کے ایک نمائندہ نے کہا کہ ہم قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کیوں کہ فارمرس زیادہ ریٹرنس کی توقع کررہے ہیں ۔ ٹریڈرس کا کہنا ہے کہ فارمرس صرف ان ہی کو دودھ سربراہ کررہے ہیں جو انہیں بہتر قیمت کی پیشکش کررہے ہیں ۔ گورنمنٹ کی وجئے ڈیری نے بھی ملک پروکیورمنٹ قیمت میں 2 روپئے سے اس ماہ 4 روپئے تک اضافہ کیا ہے ۔۔