حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) ہندستان میں پکوان گیاس کا استعمال کرنے والوں کی تعداد گذشتہ 9برسوں میں دوگنی ہوچکی ہے اور ملک میں پکوان کیلئے ماحولیاتی آلودگی سے پاک ایندھن کے استعمال کے رجحان میں اضافہ میں مرکزی حکومت کی پردھان منتری اجولہ یوجنا کا کلیدی رول ہے۔ اپریل 2014 کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت ملک بھر میں 14.52 کروڑ ایل پی جی صارفین ہوا کرتے تھے اور اب مارچ 2023 کے اعداد و شمار کا مشاہدہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ملک بھر میں اب 31 کروڑ 36 لاکھ ایل پی جی صارفین موجود ہیں جو پکوان گیاس کا استعمال کر رہے ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پکوان گیاس کے استعمال کنندگان میں گذشتہ 9 برسوں میں 17کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔9 برسوں میں ملک میں پکوان گیاس کے استعمال میں اضافہ کے سلسلہ میں حکومت کے اداروں کے مطابق ایل پی جی پکوان گیاس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ فضائی و ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ایل پی جی کے نئے کنکشن اور گیاس کے حصول کیلئے اب شہریوں کو محض 6تا7 دن کا انتظار کرنا پڑرہا ہے اور سیلنڈرس کی تبدیلی کیلئے 24 گھنٹے سے کم وقت لگ رہا ہے۔30 جنوری 2023 تک حکومت کی اسکیم ’پردھان منتری اجولہ یوجنا‘ کے تحت 9کروڑ 58لاکھ نئے پکوان گیاس کنکشن فراہم کئے گئے اور مرکزی کابینہ کی جانب سے فی گیاس کنکشن سالانہ 12 مرتبہ بھرے ہوئے سیلنڈر حاصل کرنے کو منظوری دیئے جانے کے بعد ملک بھر میں پکوان کے لئے آلودگی سے پاک ایندھن کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔