گرام پنچایتوں کے انتخابات ‘می سیوا مراکز پر کام کا بوجھ

   

24 نومبر تا 5 ڈسمبر انکم اور ذات پات کے سرٹیفکیٹس کیلئے 4,19,219 درخواستیں
حیدرآباد ۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں سرپنچ انتخابات کے پیش نظر می سیوا مراکز پر ہجوم میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ آمدنی اور ذات پات کی تصدیق سرٹیفکیٹ کیلئے بھاری تعداد میں درخواستیں وصول ہورہی ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہیکہ می سیوا مراکز کو اس سال کے آخری دو ہفتوں میں سب سے زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 24 نومبر سے 5 ڈسمبر تک می سیوا مراکز کو جملہ 4,19,219 درخواستیں وصول ہوئی جن میں 1,67,779 لاکھ آمدنی سرٹیفکیٹس اور 1,61,601 لاکھ ذات پات پر مبنی سرٹیفکیٹس کے تھے۔ اس کے علاوہ 2,185 انکم ری ایشو اور 87,654 ذات ری ایشو درخواستیں شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ درخواستوں کی بڑی تعداد کے باوجود خدمات میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں آئی۔ تاہم چند مراکز پر معمولی تکنیکی مسائل پیدا ہوئے جنہیں تکنیکی ٹیموں نے فوری طور پر حل کردیا۔ روزانہ کے اعدادوشمار واضح طور پر انتخابی سرگرمیوں کو واضح کرتے ہیں۔ انکم سرٹیفکیٹ کیلئے درخواستیں عروج کے دنوں میں 19 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ ذات پات کے سرٹیفکیٹس کیلئے درخواستیں 28 ہزار سے زیادہ وصول ہوئیں۔ دوبارہ سرٹیفکیٹس کی اجرائی کیلئے بھی بھاری تعداد میں درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ می سیوا مراکز میں سرٹیفکیٹس کی اجرائی کو یقینی بنانے اور عمل کو تیز کرنے اور ساتھ ہی تکنیکی مسائل کو حل کرنے کیلئے مسلسل نگرانی رکھی جارہی ہے اور جو بھی شکایت وصول ہورہی ہیں ان کو فوری دور کیا جارہا ہے۔ انتخابی اثرات کے باوجود عوام کیلئے شفاف خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ می سیوا مراکز پر عوام کا جو بھروسہ ہے اس کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔2