گرام پنچایتوں کے ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ ادا کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

92 ہزار ملازمین کیلئے ماہانہ 116 کروڑ کی ضرورت، اعلیٰ سطحی اجلاس سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ گرام پنچایتوں میں برسر خدمت ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ ادا کی جائے گی۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کی طرح پنچایت راج اداروں کے ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پنچایتوں کے ملازمین کو ہرماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ جاری کرنے کا منصوبہ تیار کریں۔ ریاست میں گرام پنچایتوں کے تحت 92351 ملازمین ہیں جنہیں ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 116 کروڑ کی ضرورت پڑ ے گی۔ محکمہ جات فینانس اور پنچایت راج کو اس سلسلہ میں تنخواہوں کی ادائیگی کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پنچایت راج اداروں کے ملازمین کو گرین چیانل سے تنخواہیں ادا کی جائیں۔ چیف منسٹر نے پنچایت راج اور دیہی ترقی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں وزیر پنچایت راج سیتکا ، وزیر جنگلات کونڈا سریکھا ، وزیر عمارات شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق وزیر کے جانا ریڈی ، حکومت کے مشیران ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، وی نریندر ریڈی ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم کے تمام بقایہ جات کی جلد اجرائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 1.26 لاکھ کاموں کے بلز گزشتہ سال اپریل سے زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں اسکیم پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ایمپلائمنٹ گیارنٹی اور پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا اسکیمات کے لئے مرکز سے فنڈس کے حصول کی مساعی کریں۔1