حیدرآباد ۔5۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے تین اضلاع میں 51 گرام پنچایتوں کو میونسپلٹیز میں ضم کرنے کے فیصلہ کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو ہائی کورٹ نے مسترد کردیا۔ رنگا ریڈی، میڑچل اور سنگا ریڈی اضلاع کی 51 گرام پنچایتوں کو میونسپلٹیز میں ضم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ انضمام کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعہ گرام پنچایتوں کے انضمام کے احکامات جاری کئے ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ قانون سازی اسمبلی کا اختیار ہے لیکن حکومت نے اسمبلی میں مباحث اور بل کی منظوری کے بغیر ہی آرڈیننس جاری کردیا۔ درخواست گزاروں نے شکایت کی کہ گرام پنچایتوں کے انضمام کی صورت میں دیہی علاقوں کی ترقی متاثر ہوسکتی ہے ۔ رنگا ریڈی ، میڑچل اور سنگا ریڈی میں 51 گرام پنچایتوں کو ضم کرنے کے فیصلہ کے خلاف کئی درخواستیں داخل کی گئیں۔ چیف جسٹس الوک ارادھے کی زیر قیادت بنچ نے فریقین کی سماعت کے بعد حکومت کے موقف کو درست قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ انتظامی سہولت کے تحت حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے انضمام کے خلاف درخواستوں کو مسترد کردیا جس کے نتیجہ میں گرام پنچایتوں کے میونسپلٹیز میں انضمام کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ 1