الیکشن کمشنر ڈی جی پی کے ساتھ ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے آج اضلاع کلکٹرس اور ایس پیز کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے گرام پنچایت کے انتخابات کو آزادانہ منصفانہ اور پرامن بنانے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے کہا کہ 7 جنوری سے انتخابی عمل کا آغاز ہورہا ہے ۔ اس سے قبل ہونے والے بلا مقابلہ انتخابات کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ آج سکریٹریٹ میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کے ساتھ مل کر چیف سکریٹری نے ریاست میں منعقد ہونے والے تین مرحلوں کے گرام پنچایت انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس کے جوشی نے اسمبلی انتخابات کے تجربہ کو سامنے رکھتے ہوئے گرام پنچایت کے انتخابات کی تیاریاں کرنے کی کلکٹرس اور ایس پیز کو احکامات جاری کئے ۔ عہدیداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے کام کرنے انتخابی عملہ میں کسی ایک ساتھ اتفاقی حادثہ پیش آنے پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر آفیسر کا تقرر کرنے عہدیداروں کے بارے میں انتخابی عملے کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے کہا کہ 7 جنوری سے انتخابی عمل کا آغاز ہورہا ہے ۔ اس سے قبل جو بھی گرام پنچایت بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں انہیں قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انتخابات کو بلا مقابلہ کرانے کیلئے ترغیبات دینے اور زور زبردستی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ ناگی ریڈی نے اضلاع کلکٹرس اور ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ انتخابی عملہ ، پولنگ میٹریل ، سیکوریٹی پلان ، استعمال ہونے والی گاڑیاں ، پولنگ مراکز ، کاونٹنگ سنٹرس ، ڈسٹری بیوشن ، کاونٹنگ اسٹوریج سنٹرس ، بجٹ کے علاوہ دوسرے امور کے بارے میں خصوصی ہدایتیں جاری کی ۔۔