6 ستمبر کو مسودہ اور 21 ستمبر کو قطعی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی ، پارتھا سارتھی کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 30 اگست ( سیاست نیوز ) اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے وارڈس اور گرام پنچایتوں کی سطح پر غلطیوں سے پاک ووٹر لسٹ تیار کرنے کی ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ ووٹر لسٹ کی تیاری اور اشاعت کی پیشرفت پر سوائے حیدرآباد کلکٹر کے ماباقی تمام ضلع کلکٹرس مقامی اداروں کے اڈیشنل کلکٹرس ، اضلاع کے پنچایت عہدیداروں ، ڈیویژنل پنچایت کے عہدیداروں ، اسمبلی حلقوں کے الکٹورل رجسٹریشن عہدیداروں سے اسٹیٹ الیکشن کمیشن آفس سے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرکے جائزہ لیا ہے ۔ اجلاس میں پنچایت راج و دیہی ترقیات محکمہ کے سکریٹری لوکیش کمار، کمشنر انیتا رامچندرن و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارتھا سارتھی نے کہا کہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے تیار ووٹر لسٹ کو جوں کا توں حاصل کرکے وارڈ سطح گرام پنچایتوں کی بنیاد پر مسودہ ووٹر لسٹ تیار کرکے آئندہ ماہ 6 ستمبر کو گرام پنچایتوں میں جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ بعد ازاں منڈل و ضلعی سطح پر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرکے ان سے تجاویز حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ ووٹر لسٹ میں غلطیوں کی صورت میں متعلقہ منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر یا ضلع پنچایت عہدیداروں کو تحریری طور پر اطلاع دینے پر زور دیا ۔ شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد قطعی ووٹر لسٹ 21 ستمبر کو جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ اگر کوئی اہل ووٹر ہے وہ اپنے نام پنچایت ووٹر لسٹ میں شامل کرانا چاہتے ہیں یا کوئی اعتراضات ہیں تو متعلقہ اسمبلی حلقہ کے الکٹورل رجسٹریشن آفیسر کو درخواست دے سکتے ہیں ۔ متعلقہ اسمبلی حلقوں میں ووٹوں کے اندراج اور اخراج کے بعد ہی ان ووٹوں کو گرام پنچایتوں کی ووٹر لسٹ میں شمار کیا جائے گا ۔ وارڈ سطح کے پولنگ اسٹیشن کا قیام ، پولنگ عملہ کی تفصیلات ، ریٹرننگ آفیسرس کا تقرر ، پولنگ عملہ کی تربیت کے معاملے میں رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔۔ 2