گرام پنچایت ملازمین کے بقایا مشاہرے ادا کرنے کا مطالبہ

   

میدک۔ 23 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گرام پنچایت ملازمین کے بقایا مشاہرے فوری طور پر ادا کرنے اور آن لائن فہرست میں شامل نہ ہونے والے تمام ملازمین کے نام درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سی آئی ٹی یو کی قیادت میں ضلع کلکٹر آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ بعد ازاں ایک یادداشت ایڈیشنل کلکٹرایم ناگیش کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر گرام پنچایت ورکرز یونین کی ضلع صدر کداری نرسمہ نے بتایا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے ملازمین کو مشاہرے ادا نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے عوام کو صفائی خدمات فراہم کرنے والے یہ مزدور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ اور بتکماں جیسے اہم تہوار قریب ہیں لیکن حکومت مزدوروں کو ان کی محنت کا معاوضہ ادا نہ کرکے مشکلات میں ڈال رہی ہے۔ اس دھرنے میں سی آئی ٹی یو کے ضلع معاون سکریٹری سنتوش، قائدین کے۔ مَلّیشم، درگا، گرام پنچایت یونین ضلع صدر مہندر، ضلع سکریٹری محمد آصف، قائدین پدماراو، راملو، پوچیا، سری کانت اور دیگر شریک رہے۔