3836 سر پنچ اور 27,960 وارڈ ممبرس کیلئے مقابلہ، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں پہلے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے انتخابی مہم منگل کو شام میں اختتام کو پہنچی۔ پہلے مرحلے کے تحت ریاست بھر کے 189 منڈلوں سے متعلق دیہاتوں میں جمعرات کو صبح 7 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے دہی ہوگی۔ اس کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ گرام پنچایت انتخابات میں سرپنچ عہدوں کے لئے اوسطاً 4 اور وارڈ ممبرس کیلئے اوسطاً 2 سے 3 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی تفصیلات کے مطابق 4236 سرپنچوں کے انتخابات میں 295 سرپنچس بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ پانچ ایسے گاؤں ہیں جہاں ایک بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں 3836 سرپنچس اور 27,960 وارڈ ممبرس کے لئے 11 ڈسمبر کو صبح 7 بجے سے رائے دہی کا عمل شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ 9331 وارڈ ممبرس بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ 149 وارڈ کیلئے کسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کی۔ پہلے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے منگل کی شام کو انتخابی مہم اختتام کو پہنچی حکمران کانگریس اصل اپوزیشن بی آر ایس کے علاوہ بی جے پی کے قائدین نے اپنے حامی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی جس میں ارکان اسمبلی اور دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ منگل کو تیسرے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے بھی پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کا عمل مکمل ہوگیا۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کے 1678 گرام پنچایتوں میں 124 گرام پنچایتوں کے انتخابات بلا مقابلہ ہوگئے۔ متحدہ ضلع میدک کے 242، متحدہ ضلع نلگنڈہ میں 173، متحدہ ضلع ورنگل میں 131، متحدہ ضلع نظام آباد میں 84، ضلع کھمم میں 63 گرام پنچایتوں کے انتخابات بلا مقابلہ ہوئے ہیں۔ 2
تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات، 11 ڈسمبر کو رائے دہی
حیدرآباد : /10 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں 3,800 سے زائد گرام پنچایتوں کے تقریباً 37,000 پنچایت وارڈز میں /11 ڈسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ 3,000 سے زائد گرام پنچایتوں میں پولنگ کے دوران حقیقی وقت میں نگرانی کیلئے براہ راست ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد کو انتخابات سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ بی شیودھر ریڈی نے بتایا کہ انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے ہنگامی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیول پولیس، آرمڈ ریزرو، تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس (ٹی ایس ایس پی) اور دیگر محکموں جیسے جنگلات اور محکمہ آبکاری کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس اور معمولی زمرے میں تقسیم کیا گیا ہے اور پولیس فورس حساسیت کی بنیاد پر مناسب تعداد میں موجود ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی پولنگ کے بعد فوراً شروع ہوگی اور گنتی مراکز پر بھی مکمل سیکوریٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اب تک پولنگ کے عمل کے دوران 8.20 کروڑ روپے کی نقد رقم ، شراب ، منشیات ، قیمتی دھاتیں اور دیگر سامان ضبط کیے جاچکے ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 229 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ پولیس نے 1,053 ناقابل ضمانت وارنٹ بھی نافذ کیے ہیں، جن میں سابقہ اور نئے وارنٹ شامل ہیں۔ الیکشن سیکیورٹی قوانین کے تحت تمام لائسنس یافتہ اسلحہ جمع کروا لیے گئے ہیں۔ب