گرام پنچایت کی ترقی کیلئے کروڑہا روپئے صرف

   

منڈل ماسائی پیٹ کا افتتاح ، ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب

میدک : ریاستی وزیر فینانس و انچارج وزیر مستقر ضلع میدک مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ضلع میدک کے ڈیویژن توپران میں نو قائم شدہ منڈل ماسائی پیٹ کا افتتاح کیا ۔ اس جدید تشکیل شدہ منڈل میں 9 گرام پنچایتیں شامل ہیں۔ ضلع میدک میں اب 21 منڈل ہوگئے ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ نے اس جدید منڈل میں تحصیل دفتر ، پولیس اسٹیشن ہاؤز ، منڈل پریشد و دفاتر کے علاوہ واشنو ویدیکا کا بھی افتتاح عمل میں لایا ۔ انھوں نے کہاکہ ماسائی پیٹ منڈل کے قیام کے بعد ریاست تلنگانہ میں 541 منڈلس ہوگئے ۔ اُنھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد جدید ریاست میں جملہ 103 منڈلس کا اضافہ ہوا ۔ اس طرح پوری ریاست میں 4085 نئی گرام پنچایتوں کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح حکومت تمام منڈلوں تک ترقی کیلئے کروڑہا روپیہ صرف کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ 20 مہینوں کے دوران گرام پنچایتوں کی ترقی کیلئے حکومت نے 5790 کروڑ روپئے جاری کیا ہے ۔ تقریباً ہر منڈل کیلئے 1500 کروڑ روپئے جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ آئندہ 4 دنوں میں منڈل ماسائی پیٹ کو کالیشورم پراجکٹ سے پانی کی سربراہی کو قطعیت دیدی گئی ہے ۔ انھوں نے کووڈ19 سے متعلق عوام سے کہاکہ ماسک لگائیں۔ سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔ اس افتتاحی پروگرام میں یم پی میدک کے پربھاکر ریڈی ، ارکان اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی ( میدک ) ، سی ایچ مدن ریڈی (نرساپور) ، رگھونندن راؤ ( دوباک ) ، مہیلا کمیشن صدرنشین وی سنیتا لکشما ریڈی ، ضلع پریشد چیرپرسن میدک ہیمالتا گوڑ ، ضلع کلکٹر میدک ایس ہریش ، ایم ایل سی رگھوناتھ ریڈی اور دیگر موجود تھے ۔